برطانوی وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مسافر بردار جہاز کو برطانوی فضائیہ کے جنگی جہاز کی رہنمائی میں لندن کے قریب واقع سٹینسٹیڈ کے ہوائی پر اتار لیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق پی آئی اے کی پرواز نمبر پی کے 709 صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے پاکستانی وقت کے مطابق نو بج کر پینتیس منٹ پر روانہ ہوا اور اسے مانچسٹر دوپہر کے دو بجے پہنچنا تھا۔
اطلاعات کے مطابق اس جہاز پر 297 مسافر سوار ہیں اور اسے لندن کے قریب واقع سٹینسٹیڈ کے ہوائی اڈے پر اتار کر اس کا معائنہ کیا جائے گا۔
ایسکس پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ’ایک طیارے پر ایک واقعہ ہوا ہے پولیس اور دوسری تنظیمیں اس پر کارروائی کر رہی ہیں۔‘
عالمی فضائی ادارے ’ایویشن سکیورٹی انٹرنیشنل‘ کے فلپ باؤم نے بی بی سی کو بتایا کہ ’یہ یقیناً اہم واقعہ ہے مگر یہ کہ جنگی جہازوں کو طیارے کو حفاظتی حصار میں لینے کے لیے کہا گیا ہے کوئی غیر معمولی واقعہ نہیں ہے۔‘
پی آئی اے کے ترجمان ذولفقار بجرانی نے کہا کہ ’پی آئی اے کی پرواز 709 لاہور سے مقررہ وقت پر روانہ ہوئی تھی، اور اس نے تمام سکیورٹی چیک پورے کیے تھے۔ پرواز مانچسٹر ہوائی اڈے پر اترنے والی تھی لیکن دس منٹ پہلے ایئرٹریفک کنٹرول کو ایک کا ل موصول ہوئی جس کے بعد انھوں نے جہاز کا راستہ بدل کر اسے سٹینسٹیڈ کےہوائی اڈے پر بھیج دیا‘۔
ذولفقار بجرانی نے مزید کہا کہ ’ممکنہ طور پر جہاز میں بم کی اطلاع ہے، لیکن اس کی تصدیق نہیں ہو سکی اور جہاز میں 308 مسافر اور عملے کے 14 ارکان شامل ہیں۔ طیارے میں پاکستانی اور برطانوی شہری سفر کر رہے تھے‘۔

Advertisements